نوری شعر و سخن

آثار و افکار محمد ابراہیم نوری

نوری شعر و سخن

آثار و افکار محمد ابراہیم نوری

طبقه بندی موضوعی

۱ مطلب در جولای ۲۰۲۳ ثبت شده است

Tuesday, 18 July 2023، 04:21 PM

سلام یا حسین)ابراہیم نوری(

سلام  یا حسین ع

دل مچلتا ہی رہا  پیہم کہا  جب یا حسین 
میری آنکھیں ہوگئیں زم زم کہا جب یا حسین

دل غمِ دنیا کے باعث تھا بہت غمگیں مگر
دور دل سے ہوگیا ہر غم کہا جب یا حسین

اِسمِ اعظم سا اثر رکھتا ہے یہ نامِ عظیم
آگئے دشمن پہ غالب ہم کہا جب یا حسین

تین شعبان معظم ہو کہ عاشورا کا دن
چشم مومن ہوگئی پرنم کہا جب یا حسین

نام یہ حد سے سوا ہے حاملِ سوز و گُداز
نم ہوا تب دیدہء شبنم  کہا جب یا حسین

فِطرُسِ بے پر فضا میں یہ صدا دیتا رہا
پر فراہم ہوگئے اس دم کہا جب یا حسین

ابن مریم ابن زہرا کی مسیحائی بھی دیکھ
دردِ عصیاں کو ملا مرہم کہا جب یا حسین

ہر یزیدِ وقت پر سکتہ سا طاری ہوگیا
کربلائی فوج نے باہم کہا جب یا حسین

ہوگئے خوشحال سن کر سب حسینی یہ صدا
ہر یزیدی ہوگیا برہم کہا جب یا حسین

کل جو بُزدل تھا ستم سے خوف کھاتا تھا بہت
ہوگیا ہے آج وہ ضیغم کہا جب یا حسین

ہوگیا آدم سے خاتم تک بہ جز آلِ یزید
ہم نوا نوری کا  ہر عالم  کہا جب یا حسین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ابراہیم نوری

۰ نظر موافقین ۰ مخالفین ۰ 18 July 23 ، 16:21
محمد ابراہیم نوری نوری