نعت جستجو مجھے
کرنا ہے سلسبیل سے پہلے وضو مجھے
پڑھنی ہے پہلی نعت ترے روبرو مجھے
میرےقلم کی نوری سیاہی گواہ ہے
نعت نبی نے خوب کیا سرخرو مجھے
بہتر ہے اٹھ کے جائیں یہ غالی مزاج لوگ
کرنا نہیں ہے شان نبی میں غلو مجھے
لے آئی کربلا میں شبیہ رسول تک
اے روضہ رسول تری جستجو مجھے
زخم دریدہ دل کے نبی کو دکھاؤں گا
جاؤ رفو گرو نہیں شوقِ رفو مجھے
اے منکر فضائل آل نبی خموش
نعت رسول کیا ہے بتائے گا تو مجھے
ہم شکل مصطفی کا میں کرتا ہوں تذکرہ
خلق نبی پہ کرنی ہو جب گفتگو مجھے
میں مےگسار ہوں مئے نعت رسول کا
ساقی پلاتا جا یہی جام و سبو مجھے


